برطانوی ہوائی اڈوں اور ایٹمی تنصیبات میں سیکورٹی ہائی الرٹ
برطانیہ کے ہوائی اڈوں اور ایٹمی تنصیبات کو الیکٹرانیک سیکورٹی سسٹم کے خلاف خطروں میں اضافے کے پیش نظر ہر طرح کے دہشت گردانہ حملے کا مقابلہ کرنے کے لئے پہلے سے بھی زیادہ الرٹ کر دیا گیا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ برطانوی سیکورٹی ایجنسیوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انتباہات جاری کر کے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں نے غالبا سیکورٹی چیک کو بائی پاس کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے-
برطانوی حکام نے خبردار کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر، غیر ملکی جاسوس اور سائبر حملوں کے ماہر عناصر اس وقت برطانیہ کی ایٹمی صنعتوں میں سرگرم انٹرنیٹ ڈیفنس شعبے میں ممکنہ طور پر پائی جانے والی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کے طریقوں کا جائزہ لے رہے ہیں-
خبروں میں کہا گیا ہے کہ داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں نے لیپ ٹاپ اور موبائل فون میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کے نئے طریقوں کا پتہ لگا لیا ہے جس کے ذریعے ہوائی اڈوں پر سیکورٹی چیک کو آسانی سے بائی پاس کیا جا سکتا ہے-
برطانیہ اور امریکا نے پچھلے دنوں متعدد ملکوں کے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ ہوائی جہازوں میں لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانیک وسائل کے ساتھ سوار نہ ہوں-