جنوبی کوریا کا بیلسٹیک میزائل کا تجربہ
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آٹھ سو کلو میٹر فاصلے تک مار کرنے والے نئے بیلسٹیک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے-
جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ سیئول نے جس ہیونمو بیلسٹیک میزائل کا تجربہ کیا ہے وہ شمالی کوریا کے ہرخطے تک مار کر سکتا ہے-
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ میزائل تجربہ پیونگ یانگ کے لئے ایک انتباہ ہے جو غیر قانونی طریقے سے اپنے میزائل اور ایٹمی پروگراموں کو جاری رکھے ہوئے ہے-
خبروں میں کہا گیا ہے کہ جنوبی کوریا کے اس نئے بیلسٹیک میزائل کا تجربہ آن ہیونگ سائٹ سے کیا گیا ہے-
اس درمیان جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے بدھ کو ایک بیلسٹیک میزائل اپنے مشرقی ساحل سے جزیرہ نمائے کوریا کے سمندر میں فائر کیا ہے-
واضح رہے کہ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ جب تک امریکا اور اس کے اتحادی، شمالی کوریا کے خلاف خطرات پیدا کرتے رہیں گے پیونگ یانگ بھی اس وقت تک اپنی دفاعی توانائیوں کو تقویت پہنچاتا رہے گا-