جی 7 کی جانب سے ایران کی کوششوں کا خیر مقدم
بڑے صنعتی ملکوں کے گروپ، جی سات کے وزرائے خارجہ نے خطے کے بحرانوں کے سیاسی حل کے لیے ایران کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
اٹلی میں گروپ سات کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان میں خطے کے بحرانوں کے سیاسی حل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کی کوششوں کو موثر قرار دیا گیا ہے۔بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شام، عراق اور یمن نیز دیگر علاقوں میں سیاسی راہ حل اور امن و آشتی کے حصول کی کوششوں کا سلسلہ جاری اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اپنے کردار میں مزید اضافہ کرے۔گروپ سات کے رکن ملکوں نے بحران شام کے حل اور داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کی نابودی میں روس کے کردار پر بھی زور دیا ہے۔سات صنعتی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے بیان میں، شام کی ارضی سالمیت اور اقتداراعلی کے احترام پر بھی زور دیا گیا ہے۔امریکہ ، جاپان، کینیڈا، جرمنی، اٹلی، برطانیہ اور فرانس گروپ سات کے رکن ممالک ہیں۔