شمالی کوریا امریکہ کے ہرطرح کے اشتعال انگیز اقدام کا جواب دینے کے لئے تیار ہے : پیونگ یانگ
شمالی کوریا کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ پیونگ یانگ ، واشنگٹن کی جانب سے ہر طرح کے اشتعال انگیز اقدام کا جواب دینے کے لئے تیار ہے
شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ شمالی کوریا کی فوج اور عوام کی جانب سے امریکہ کے ہرطرح کے اشتعال انگیز سیاسی ، اقتصادی اور فوجی اقدام کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا جس میں امریکہ کے خلاف شمالی کوریا کا بری ، بحری اور فضائی حملہ بھی شامل ہوگا- شمالی کوریا کی مسلح افواج نے اس عہد کا اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن کی جارحیت کی صورت میں جاپان اور جنوبی کوریا میں امریکہ کے فوجی اڈوں اور سئول میں جنوبی کوریا کے صدر کی قیام گاہ کو نشانہ بنایا جائے گا اور چند منٹ کے اندر انھیں تباہ کر کے رکھ دیا جائے گا - شمالی کوریا کی مسلح افواج کے بیان میں آیا ہے کہ خود امریکہ بھی شمالی کوریا کے میزائلی حملے سے محفوظ نہیں رہے گا اور پیونگ یانگ امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس کارل وینسن پر حملے کے لئے تیار ہے- دوسری جانب امریکہ کے جاسوسی کے ادارے سی آئی اے کے سابق نائب سربراہ نے جزیرہ نمائے کوریا میں امریکی صدر کے اقدامات کو کشیدگی کا باعث قرار دیا ہے - اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر مایک مورل نے کہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے اقدامات امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان مقابلہ آرائی کا باعث بن رہے ہیں - سی آئی اے کے سابق نائـب سربراہ نے مزید کہا کہ شدید لفظی جنگ اور جزیرہ نمائےکوریا میں ایک جنگی بحری بیڑا بھیجنے کے باعث اس علاقے میں بحران پیدا ہو رہا ہے-دوسری جانب امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی بڑھنے اور ایک دوسرے کو حملے کی دھمکی کے بعد جاپان اور جنوبی کوریا ، اپنے شہریوں کو باہر نکالنے کے لئے تیار ہیں - اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا اور جاپان کہ جو شمالی کوریا کے پڑوس میں واقع ہیں پیویانگ یانگ کے ہرطرح کے ممکنہ اقدام کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر شہریوں کو پرامن علاقوں میں منتقل کر دیں- شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ ہان سونگ ریول نے کہا کہ پیونگ یانگ امریکہ کے پیشگی حملے کے سامنے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا نہیں رہے گا - اس درمیان شمالی کوریا نے امریکہ کی دھمکیوں کی کوئی پراہ کئے بغیر آج نیا میزائلی تجربہ کیا ہے- اسی طرح پیویانگ نے آج ایک فوجی پریڈ کے دوران پہلی بار آبدوز سے فائر کرنے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹیک میزائل کی رونمائي کی ہے - چین کے وزیر خارجہ نے بھی جمعے کو روس کے وزیر خارجہ کے ساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے جزیرہ نمائے کوریا میں کشیدگی بڑھنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ، جزیرہ نمائے کوریا میں سیاسی حالات بہتر بنانے میں مدد اور مذاکرات پھر سے شروع کرنے کے لئے روس کے ساتھ قریبی تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے - چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف سے گفتگو میں کہا کہ جزیرہ نمائے کوریا میں جنگ اور کشیدگی کو روکنا ، چین اور روس کے مفاد میں ہے - چین ، پیونگ یانگ کے اہم اتحادی کی حیثیت سے شمالی کوریا کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات کو سمجھتا ہے - پیونگ یانگ نے با رہا تاکید کی ہے کہ جب تک امریکہ اور اس کے اتحادی شمالی کوریا کے خلاف دھمکیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اس وقت تک وہ بھی اپنی دفاعی طاقت اور صلاحیت بڑھاتا رہے گا