برطانیہ: انتخابات میں جیت ہماری ہو گی، لیبر پارٹی کا اعلان
برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما نے کہا ہے کہ وہ پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی پر مبنی نظام کو شکست سے دوچار کر دیں گے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما جرمی کوربین نے لندن میں کہا ہے کہ بہت سے ذرائع ابلاغ اور اداروں کا کہنا ہے کہ چونکہ لیبرپارٹی ان کے اصولوں کے مطابق آگے نہیں بڑھ رہی ہے اس لئے وہ کامیاب نہیں ہو سکتی تاہم یہ اصول ایسے گروہ تشکیل پانے کا سبب بنے ہیں کہ جو صورت حال کو اس ملک کے مالداروں اور بڑی کمپنیوں کے مفاد میں تبدیل کر دیتے ہیں-
کوربین نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اگر انتخابات میں لیبر پارٹی کامیاب ہوتی ہے تو مزدوری میں فی گھنٹہ دس پونڈ کا اضافہ کردے گی-
برطانیہ کے دارالعوام کے ممبران نے انیس اپریل کو اس ملک کی وزیر اعظم تھریسا مئے کی تجویز پر پانچ سو بائیس ووٹوں سے، قبل از وقت انتخابات کرانے پر اتفاق کر لیا ہے-
برطانوی وزیر اعظم کی تجویز کی مخالفت میں تیرہ ووٹ پڑے- اس فیصلے کی بنیاد پر برطانیہ کی موجودہ پارلیمنٹ تین جون کو تحلیل ہو جائے گی- برطانیہ کے پارلیمانی انتخابات دو ہزار بیس میں ہونے والے تھے تاہم برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ قبل از وقت انتخابات سے برگزیٹ کے بارے میں یورپی یونین کے ساتھ آئندہ مذاکرات میں ان کی حکومت کی پوزیشن مضبوط ہو گی-