امریکہ کو روس کا سخت ترین انتباہ
روس کے ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف نے مشرقی یورپ میں امریکہ کی جانب سے کشیدگی پیدا کئے جانے پر واشنگٹن کو سخت خبردار کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کے ڈپٹی چیف آف آرمی اسٹاف ویکٹر پوزنیخیر نے جمعرات کے ماسکو میں سلامتی سے متعلق تشکیل پانے والے بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی یورپ میں امریکہ کے میزائل سسٹم اور سمندروں میں موجود اس کے بحری بیڑوں سے روس کے خلاف اچانک حملہ کرنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے اور روس اس قسم کی صورت حال پر خاموش نہیں بیٹھے گا۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال، ماسکو کو اس بات پر مجبور کر رہی ہے کہ وہ ایسی تدابیر اختیار کرے کہ جن کے ذریعے ممکنہ اور اچانک حملوں کے مقابلوں میں روس کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
روس اور مغرب کے تعلقات، امریکہ کے سابق صدر بارک اوباما کی روس مخالف حکمت عملی کے بعد سخت کشیدہ ہو گئے ہیں۔ روس کے خلاف امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے سخت پابندیوں اور روس کی سرحدوں کے قریب امریکہ اور نیٹو کی نقل و حرکت کی بنا پر ان تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔