لیبیا: فوجی ایئربیس پرحملہ141 افراد ہلاک
May ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
لیبیا کے جنوب میں واقع فوجی ایئربیس پر حملے کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں سمیت 141 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبیا کی قومی فوج کے ترجمان احمد المسماری کا کہنا ہے کہ مسلح گروہ نے جن کا مصراتہ شہر پر کنٹرول ہے بنغازی شہر کے براک ایئربیس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں141 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خلیفہ حفتر کی کمان والی قومی فوج کے اہلکار شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فیلڈ مارشل خلیفه حفتر اور متحدہ حکومت کے وزیراعظم فائز السراج کے مابین 2 مئی کو ایک دوسرے پر حملے نہ کرنے کا معاہدہ طے پایا تھا ۔
2011 میں لیبیا میں عوامی تحریک کے ہاتھوں لیبیا کے سابق ڈکٹیٹرمعمر قذافی کی حکومت کے سرنگوں ہونے کے بعد سے امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی مداخلت کی بنا پر لیبیا کے حالات خراب ہو گئے۔