فلپائن: داعش کے خلاف کارروائی 105 افراد ہلاک
فلپائن کے شہرمراوی میں اہم عمارتوں اور دیگر املاک سے داعش کا قبضہ چھڑانے کے لیے 8 روز سے جاری فوجی آپریشن میں اب تک 105 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق فلپائن کے شہر مراوی کی گلیوں میں لاشیں پڑی ہیں لیکن انہیں کوئی اٹھانے والا نہیں۔ سرکاری افواج داعش کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ہیلی کاپٹروں سے میزائل حملے کررہی ہیں اور گلی گلی شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔ متعدد عمارتوں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
حکومت نے دہشتگردوں پر ہتھیار ڈالنے کے لیے زور دیا ہے تاکہ شہر میں پھنسے ہوئے عام شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکے۔ شہر کی 2 لاکھ کی آبادی میں سے اب تک 90 فیصد پڑوسی شہر الیگان منتقل ہوچکی ہے، جہاں حکام نے رات کا کرفیو نافذ کردیا ہے تاکہ مروای کی جنگ الیگان تک نہ پھیلنے پائے۔
حکام کے مطابق 2 ہزار سے زائد افراد شہر میں پھنسے ہوئے ہیں اور بمباری میں ان کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ دہشتگردوں نے ایک پادری سمیت دیگر 14 افراد کو بھی مغوی بنایا ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 61 دہشتگرد، 20 فوجی اور 24 عام شہری شامل ہیں۔
لڑائی کا آغاز گزشتہ منگل سے ہوا جب دہشتگرد گروہ داعش سے منسلک مقامی تنظیموں ابو سیاف اور مورو گروپ کے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کو باہر نکال کر مسلم اکثریتی آبادی والے شہر مراوی پر قبضہ اور سیاہ جھنڈے لہرا دیے تھے۔