Jun ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • لندن کی ستائیس منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی

مغربی لندن میں واقع ایک ستائیس منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں متعدد افراد کے ہلاک اور درجنوں دیگر کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

لندن سے موصولہ خبروں کے مطابق شہر کے مغربی علاقے کے گرینفل ٹاور میں آگ منگل اور بدھ کی درمیانی رات میں لگی۔اس ٹاور میں ایک سو بیس سے زائد فلیٹ ہیں اور اس میں سیکڑوں افراد رہائش پذیر تھے۔ چالیس فائرانجنز اور دوسو فائر فائٹرز اس خوفناک آگ کو بجھانے میں مصروف ہیں۔
لندن فائر بریگیڈ چیف ڈینی کاٹن کا کہنا ہے کہ اس آتشزدگی میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم عمارت کی پیچیدگی کی وجہ سے اس وقت ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
فا‏ئر سروس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دوسری منزل سے شروع ہونےوالی آگ نے ستائیس منزلہ عمارت کی سبھی بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پچاس سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جاچکاہے۔
لندن کے میئر صادق خان نے اس آتشزدگی کو بڑا واقعہ قراردیا ہے اور عمارت کی جانب جانے والے سبھی راستوں کو بند کردینے کا حکم دے دیا ہے۔
عمارت کے قریب رہنے والے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ بہت ہی خوفناک آگ ہے جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے عمارت مکمل طور تباہ ہوچکی ہے اور کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔
یہ عمارت انیس سو چوہتر میں تعمیر کی گئی تھی۔ آگ لگنے کے بعد کے مناظر انتہائی دل دہلا دینے والے تھے بہت سے لوگوں نے جان بچانے کی غرض سے اونچی منزلوں سے بھی چھلانگ لگالی جبکہ کچھ نے تو نسبتا نچلی منزلوں سے اپنے بچوں کو بھی کھڑکی سے باہر پھینک دیا تاکہ ان بچوں کی جانیں بچائی جاسکیں۔

ٹیگس