پاکستان کے خلاف امریکی کانگریس کا اقدام
امریکی قانون سازوں نے پاکستان کی غیرنیٹو اتحادی حیثیت ختم کرنے کا بل کانگریس میں پیش کردیا ہے۔
کانگریس میں ریپبلکن کے نمائندے ٹیڈ پو اور ڈیموکریٹ کے نمائندے رک نولان نے پاکستان کی غیر نیٹو اتحادی کی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے کانگریس میں ایک دو فریقی بل پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ چونکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مؤثر طریقے سے جنگ لڑنے میں ناکام ہوچکا ہے لہٰذا پاکستان امریکی مالی اور فوجی امداد کا مستحق نہیں ہے۔
ٹیڈ پو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے ہاتھوں پر لگے مبینہ امریکی خون کا حساب دینا ہوگا۔
اٹھارہویں صدی کے امریکی جنرل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان امریکی فوج کا بینیڈکٹ آرنلڈ اتحادی کی طرح کام کر رہا ہے۔
ٹیڈ پو اس وقت امریکی خارجہ کمیٹی کے رکن ہیں اور ذیلی کمیٹی برائے دہشت گردی، عدم پھیلاؤ اور تجارت کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں ۔
رک نولان نے ٹیڈ پو کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بار بار امریکا کی خیر سگالی کا فائدہ اٹھایا اور امریکا کا اتحادی اور دوست ملک نہ ہونے کا بھی مظاہرہ کیا۔
امریکی کانگریس میں اگر یہ بل منظور کر لیا جاتا ہے تو اس سے دونوں ممالک کے فوجی روابط کو شدید دھچکا لگے گا۔