پوپ فرانسس کے معتمد خاص جنسی استحصال میں ملوث
کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کے معتمد خاص اور ویٹیکن کے خزانچی کارڈینل جارج پیل پر بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
فرانس کے چینل 24 کی رپورٹ کے مطابق ہر چند کہ جارج پیل نے ان الزامات کو ماننے سے انکار کردیا ہے تاہم وہ اپنے آبائی ملک آسٹریلیا جاکر عدالت میں ان الزامات کا سامنا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان پرعائد کیے گئے بچوں کے جنسی استحصال کے الزامات کردار کشی کی بدترین مثال ہے۔ جارج پیل نے کہا کہ جنسی استحصال ان کے نزدیک انتہائی مکروہ فعل ہے۔
جارج پیل پر لگنے والے یہ الزامات کیتھولک چرچ پر ایک اور سیاہ دھبہ ثابت ہوئے ہیں جو کہ گزشتہ کئی برسوں سے جنسی استحصال کی رپورٹس کی وجہ سے پہلے تنقید کی زد میں ہے۔
آسٹریلین پولیس نے جارج پیل پرعائد کیے گئے الزامات کی تفصیل اور متاثرین کے نام ظاہر نہیں کیے البتہ اتنا ضرور بتایا ہے کہ پیل کے خلاف متعدد شکایتیں موجود ہیں اور عدالت میں ان کی پیشی کے موقع پر مکمل چارج شیٹ جاری کردی جائے گی۔ جارج پیل 18 جولائی کو میلبورن کے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوں گے۔
جارج پیل آسٹریلیا میں کیتھولک چرچ کے اعلیٰ ترین عہدے دار جبکہ ویٹیکن کے تیسرے اہم ترین عہدے دار ہیں۔