Jul ۰۴, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  • ڈونلڈ ٹرمپ داعش کی زبان بول رہے ہیں، لندن میئر صادق خان

لندن کے میئر صادق خان نے امریکی صدر کی جانب سے 6 مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ وہی بات کر رہے ہیں جو دہشت گرد تنظیم داعش کرتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ اگر داعش یہ کہتی ہے کہ اسلام اور مغرب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے اور مغرب مسلمانوں سے نفرت کرتا ہے تو یہ درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جب یہ کہتے ہیں کہ اسلام اور مغرب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے اور مسلمان امریکا میں نہیں آسکتے تو وہ وہی بات کر رہے ہیں جو داعش کر رہی ہے اور اس طرح وہ داعش کے لیے کام آسان کر رہے ہیں۔

لندن کے میئرکا کہنا تھا کہ لندن میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ ضرور ہوا ہے تاہم لندن اب بھی دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

لندن کے میئر نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور نفرت پر مبنی جرائم میں اضافے کے بعد ان کا کام مشکل ہوگیا ہے کیونکہ ان کے پاس وسائل کی کمی ہے، تاہم وہ حکومت سے مزید وسائل مانگ رہے ہیں۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ لندن برج حملہ ہو یا فنسبری پارک مسجد پر حملہ دونوں دہشت گردی کے واقعات تھے۔

 

ٹیگس