Jul ۲۶, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • سری لنکا : وبائی امراض کے باعث 300 افراد ہلاک

سری لنکا میں ڈینگی بخار نے وبائی شکل اختیار کرلی جس کے باعث اب تک 300 افراد ہلاک ہوگئے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی وبا مون سون کی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پھیلی ہے جن کی وجہ سے ملک بھر میں جگہ جگہ بارش کا پانی کھڑا ہے۔ رواں سال اب تک ڈینگی کے ایک لاکھ سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے لگ بھگ 300 جانبر نہیں ہوسکے۔ ڈینگی سے سب سے زیادہ سری لنکا کا مغربی صوبہ متاثر ہوا ہے۔

سری لنکا کے حکام نے مزید کہا کہ وبا پر قابو پانے کے لیے ہلال احمر اور ریڈ کراس سمیت کئی بین الاقوامی تنظیمیں سری لنکا کی حکومت اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والے نجی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔

ریڈ کراس اور ہلالِ احمر کے عہدیداروں کے مطابق وبا سے ہزاروں افراد متاثر ہیں جس کے باعث سری لنکا کے بیشتر اسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریض موجود ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ڈینگی دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والی بیماریوں میں سے ایک ہے جو اس وقت بھی 100 سے زائد ملکوں میں وبا کی صورت میں موجود ہے۔

ہر سال دنیا بھر میں ڈینگی کے 39 کروڑ مریض سامنے آتے ہیں جنہیں اگر بروقت تشخیص اور علاج میسر آجائے تو ان کی جان بچ سکتی ہے

 

ٹیگس