صیہونی وزیراعظم کے اقتدار کو خطرہ
نیتن یاہو کے سابق چیف آف اسٹاف اری ہارو کے وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد صیہونی وزیراعظم کا اقتدار خطرے میں پڑگیاہے۔
کرپشن کے الزامات میں گھرے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے سابق چیف آف اسٹاف اری ہارو وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہوگئے ہیں ، قانونی ماہرین کے مطابق اری ہارو کی شہادت بہت اہم ہے اور نیتن یاہو کو اپنے منصب سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔
اسرائیلی عدالت نے اشارہ دیا تھا کہ وزیراعظم نیتن یاہو کو تفتیش کے نتیجے میں کرپشن الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،نیتن یاہو کو رشوت، فراڈ اور اعتماد کے منافی اقدامات کے تحت جاری فوجداری تفتیش کا سامنا ہے۔
عدالت نے کرپشن الزامات عائد کرنے کا عندیہ ایک عدالتی کارروائی کے دوران دیا، عدالتی مجسٹریٹ نے کارروائی کے مندرجات میڈیا پر رپورٹ یا شائع کرنے کی ممانعت کر دی ہے۔
حکومتی استغاثہ اس وقت اری ہارو سے پوچھ گچھ جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے کرپشن الزامات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ مالی بد عنوانی کے الزامات نیتن یاہو کی بیوی پر بھی ہیں۔