پاک و ھند کے ذرائع ابلاغ میں ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری کا انعکاس
پاکستان اور ہندوستان کے ذرائع ابلاغ نے ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری کو وسیع کوریج دی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی تقریب حلف برداری کا پاکستان اور ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پرانعکاس ہوا ہے۔
اخبار ایکسپریس نےحسن روحانی کی تقریب حلف برداری کو شہ سرخی بناتے ہوئے لکھا کہ حسن روحانی نے دوسری مدت کے لیے عہدہ صدارت کا حلف اٹھاتے ہوئے جوہری معاہدے کے حوالے سے مغربی طاقتوں سے مزید بات چیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری بار ایران کے صدر منتخب ہونے والے حسن روحانی نے تقریب حلف برداری کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا کی جانب سے نئی پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد اب مغربی طاقتوں سے مزید مذاکرات کی ضرورت پیدا ہو گئی ہے۔ تقریب حلف برداری میں ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ یورپی یونین کی فارن پالیسی چیف فیڈریکا موگرینی سمیت دیگر غیر ملکی شخصیات بھی موجود تھیں۔
فیڈریکا موگرینی سے ملاقات میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے پہلے سے زیادہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
حسن روحانی نے کہا کہ امریکا جوہری معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہا ہے تاہم یورپی ممالک اس سلسلے میں واشنگٹن کا ساتھ نہ دیں۔
ایران کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری معاہدے کو ختم کرنے کی کوشش کی تو یہ ان کے لیے سیاسی خودکشی کے مترادف ہو گا، ایران اس وقت تک معاہدے کی پاسداری کرے گا جب تک معاہدے میں شریک دیگر ممالک بھی اس کے پابند رہیں گے۔
ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی لکھتی ہے کہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ بین الاقوامی مسائل پر ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے قابل اعتماد ملک نہیں ہے۔
حسن روحانی نے اپنی دوسری مدت کے لئے ایران کی پارلیمنٹ میں حلف برداری کے بعد نیوکلیائی معاہدے کے نفاذ کی امریکہ کی دھمکی کے لئے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران بین الاقوامی نیوکلیائی معاہدے کے تعلق سے مصروف عمل ہے اور وہ اس کی خلاف ورزی کبھی نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ کل دارالحکومت تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں دنیا کے مختلف ملکوں کے صدور، وزرائے اعظم، وزارائے خارجہ کے علاوہ پارلیمانی اسپیکروں اور اعلی سطحی سیاسی وفود نے شرکت کی۔