چین، سمندری طوفان کی تباہ کاریاں
چین میں طوفان کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 150 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طوفان سے سب سے زیادہ نقصان مکاؤ میں ہوا جہاں اب تک 8 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ سیلاب کے نتیجے میں 153 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ تیز ہواؤں کی وجہ سے گھروں کی چھتیں، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے، ہزاروں افراد بجلی کی فراہمی سے بھی محروم ہو گئے۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق 8 افراد کی لاشیں گوانگ ڈونگ کے علاقے سے ملی ہیں۔
مکاؤ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی جوز پیریرا کوٹینہو کا کہنا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے اور سیکڑوں عمارتوں اور مکانات کو دوبارہ تعمیر کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ مکاؤ کے چاروں طرف پانی ہے اور سمندری طوفان کی وجہ سے اونچی لہروں نے مکاؤ کا رخ کیا جس سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی۔
طوفان کے باعث اب تک 27 ہزار سے زائد افراد کو محفوط مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ 20 لاکھ صارفین عارضی طور پر بجلی سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ خراب موسم کی وجہ سے متعدد پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔