امریکی اتحاد کا دسیوں عام شہریوں کے مارے جانے کا اعتراف
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ جولائی کے مہینے میں اس اتحاد کے فوجیوں نے اپنے حملوں میں عام شہریوں کے مارے جانے کی دسیوں رپورٹوں کا جائزہ لیا جس کے نتیجے میں اندازہ لگایا کہ مرنے والے عام شہریوں کی تعداد اکسٹھ رہی ہے۔
امریکی اتحاد نے اپنے بیان میں دعوی کیا کہ اتحادی فوجیوں کے حملوں میں عام شہریوں کے مرنے کے بارے میں بعض رپورٹیں صحیح نہیں تھیں اور داعش مخالف اتحاد چار سو پچپن مزید رپورٹوں کا جائزہ لے رہا ہے جن میں اتحادی فوج کے توپخانوں اور فضائی حملوں میں عام شہریوں کے مرنے کی بات کہی گئی ہے۔
امریکی حکام کے اعتراف کے مطابق عراق اور شام میں داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد کے حملوں میں اگست دوہزارچودہ سے مرنے والے عام شہریوں کی تعداد چھے سو پچاسی تک پہنچ گئی ہے۔
آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق اور شام میں نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے حملوں میں مرنے والے عام شہریوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے جس کا اس اتحاد نے اب تک اعتراف کیا ہے۔