میکسیکو میں زلزلہ 300ہلاک و زخمی
میکسیکو کے جنوب میں 8.1 شدت کے تباہ کن زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے جب کہ 250 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے جنوبی ساحلوں کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے اور امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 8.1 ریکارڈ کی گئی۔
میکسیکن حکام کے مطابق زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ زلزلے کے مرکز سے 1 ہزار کلومیٹر دور واقع دارالحکومت میکسیکو سٹی کے مرکزی ہوائی اڈے کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ۔
پیسیفک سونامی مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس کے علاقے تپاچولا سے 165 کلومیٹرجنوب مغرب تھا جب کہ زیر زمین اس کی گہرائی 70 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ پیسیفک سونامی مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی وجہ سے سونامی کی لہریں پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔
میکسیکن حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 60 ہو گئی ہے جب کہ 250 سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زلزلے کے باعث سب سے زیادہ جانی نقصان ریاست اوکسیکا میں ہوا جب کہ ریاست چیاپس اور طباسکو میں بھی متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
طاقتور زلزلے اور سونامی کے خدشے کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔