Sep ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے منشور پرعمل درآمد کی ضرورت

پاکستان کےوزیراعظم کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور پرعمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے 70 سال میں دنیا کو کئی تنازعات سے بچایا لیکن بدقسمتی سے اقوام متحدہ کے منشور پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو ظلم و جبر کا سامنا ہے اور کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، کشمیریوں کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے کچل رہی ہے لیکن پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ دہشت گردی اب ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور اسے اسی سطح پر ہی حل ہونا چاہیئے لیکن دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ بھی نہایت ضروری ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانیں دیں اور 120 ارب ڈالر لگائے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں پر کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے محفوظ ٹھکانے پاکستان میں نہیں افغانستان میں موجود ہیں جہاں سے اکثر سرحد پار حملے ہوتے ہیں، جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی سرحد پار سے پاکستان میں حملے کرتی ہیں جب کہ پاکستان نے سرحدی علاقوں سے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کئے۔

انہوں نے کہا کہ 16 سال سے جاری افغان جنگ کا حل صرف مذاکرات میں ہے، بین الاقوامی طاقتیں افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر مت ڈالیں، ہم افغان جنگ کو پاکستانی سرزمین پر لڑنے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی پاکستان قربانی کا بکرا بنے گا۔ پاکستان سے زیادہ افغانستان میں امن کا خواہاں کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا کیونکہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دنیا روہنگیا میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والی ظلم اور زیادتیوں کو بھی دیکھ رہی ہے جہاں منظم طریقے سے مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جب کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے مسئلہ فلسطین کا حل بھی بہت ضروری ہے جسے فوری طور پر حل ہونا چاہئے، اسرائیل کا فلسطین پر قبضہ خطے میں تشدد کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ داعش عراق اور شام میں دہشت گردی کررہی ہے، دنیا سے دہشت گرد تنظیموں کا خاتمہ ضروری ہے دہشت گردی ختم کرنے کے لئے وجوہات کا جاننا ضروری ہے۔

دوسری جانب پاکستان کےوزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس سے ملاقات کی اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ڈوزیئر ان کے حوالے کیا۔

شاہد خاقان عباسی نے انٹونیو گوٹریس سے درخواست کی کہ کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرے۔

ٹیگس