امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی
امریکی وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے خلاف سبھی آپشن استمعال کریں گے
امریکی وزیر خزانہ اسٹیو منوچین نے اے بی سی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے خلاف ہر طرح کا آپشن استمعال کریں گے جس میں اقتصادی اور فوجی دونوں آپشن شامل ہے- امریکی وزیرخزانہ اسٹیومنوچین نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ انہوں نے شمالی کوریا کے خلاف انتہائی سخت پابندیاں عائد کرنے کی اجازت ٹرمپ سے حاصل کرلی ہے کہا کہ اس اجازت نامے سے ان سبھی مالی اداروں کو جو دنیا میں کہیں بھی شمالی کوریا کے ساتھ تعاون کررہے ہیں روکا جاسکے گا- امریکی وزیرخزانہ نے دنیا کے ملکوں سے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے آئندہ ہائیڈروجن بم کے تجربے کو روکیں - امریکی وزیرخزانہ نے دعوی کیا کہ سب کو پیونگ یانگ کے خلاف متحد ہونا چاہئے- انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی دعوی کیا کہ امریکی صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے خلاف جنگ نہیں چھیڑنا چاہتے اور جنگ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں - امریکی وزیرخزانہ منوچین نے کہا کہ ٹرمپ کی ترجیح امریکا اور اس کے اتحادیوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے - انہوں نے ستمبر کے اوائل میں بھی کہا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں جاری رکھتے ہوئے ٹرمپ سے درخواست کریں گے کہ وہ شمالی کوریا کے ساتھ سبھی تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا حکم جاری کریں - امریکی صدر ٹرمپ کی جنگ پسندانہ سوچ کی وجہ سے امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی پہلے سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے- ٹرمپ نے بارہا شمالی کوریا پر حملے کی دھمکی دی ہے -ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں بھی تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن شمالی کوریا کو نابود کرنے کا بھی فیصلہ کرسکتا ہے - شمالی کوریا نے بارہا کہا ہے کہ امریکی پالیسیوں کی ہی وجہ سے اس نے ایٹمی تجربات کئے ہیں اور امریکا کی بار بار کی دھمکیوں کے پیش نظر شمالی کوریا اپنی دفاعی توانائیوں کی تقویت کو ایک فطری امر سمجھتا ہے -