کیلیفورنیا میں آگ بے قابو، 29 ہلاک، 500 لاپتہ
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور آگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی جبکہ سیکڑوں افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کیلیفورنیا کے محکمۂ جنگلات کے مطابق ریاست کی مختلف کاؤنٹیز میں 22 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے جس سے اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد عمارتیں تباہ یا متاثر ہوئی ہیں ۔ جبکہ خوفناک آگ ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل گئی ہے۔
حکام کے مطابق گرم اور خشک موسم کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جس پر قابو پانے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق آگ بجھانے میں آٹھ ہزار فائر فائٹرز اور دیگر اہلکار حصہ لے رہے ہیں جبکہ درجنوں ہوائی جہاز بھی آگ بجھانے کی کارروائیوں میں شریک ہیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ علاقوں میں 500 کے قریب افراد لاپتہ ہیں جبکہ سیکڑوں افراد دھویں سے متاثر ہونے اور جھلسنے کے باعث اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں ۔