اقوام متحدہ: پوری دنیا میں خواتین کی صورت حال تشویش ناک
اقوام متحدہ کی خواتین کے شعبہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے دنیا بھر میں خواتین کی صورتحال پر شدید اظہار تشویش کیا ہے
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کی خواتین کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما بحوث نے خواتین، امن اور سلامتی سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ جب خواتین مذاکرات کی میز پر موجود ہوتی ہیں تو امن، مضبوط اور سلامتی، زیادہ پائیدار ہوتی ہے اور یہ ایک سنگ میل ہے جو کثیر الجہتی نظام پر یقین سے حاصل ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حقیقت کے باوجود گزشتہ پچیس سال کا ریکارڈ متضاد رہا ہے اور خواتین کے سلسلے میں جرات مندانہ اور قابل تعریف بڑے بڑے وعدوں پر اکثر اوقات سرمایہ کاری کی کمی کی وجہ سے یا تو ناقص عمل درآمد ہوا ہے یا پھر ہوا ہی نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کی نمائندہ خاتون نے خبردار کیا کہ آج، چھے سو چھیتر ملین خواتین اور لڑکیاں مہلک تنازعات کی زد میں زندگی گزار رہی ہیں۔
سیما بحوث کا مزید کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ عالمی سطح پر، تنازعات اور عدم استحکام میں اضافے کے ساتھ، مصائب و آلام اور نقل مکانی میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے اس حقیقت کو ایک تکلیف دہ حقیقت سے تعبیر کیا کہ آج خواتین اور لڑکیوں کے لیے حالات کے بہتر ہونے سے زیادہ ہمیں حالات کے مزید ابتر ہونے کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔