آئی ایم ایف نے ایران مخالف امریکی مطالبہ مسترد کردیا
امریکی صدر کی اس درخواست پر کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ایران کو مراعات نہ دی جائیں، عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ نے کہا ہے کہ ایران کے سلسلے میں پالیسیاں تبدیل کئے جانے کی کوئی وجہ نہیں پائی جاتی۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لگارڈ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اس ادارے میں ایک سو ننانوے ممالک رکن ہیں اور ایران سمیت جو رکن ملک بھی قرضہ لینے کی درخواست کرتا ہے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس ملک کے لئے قرضہ فراہم کرنے کی کوشش کریں۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بھی آئی ایم ایف سے امریکی صدر کی اس قسم کی غیر سفارتی و غیر منطقی درخواست پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ایران کے سلسلے میں اس قسم کی درخواست اس بات کو واضح کرتی ہے کہ وہ عالمی اداروں کے کام طریقوں سے واقف ہی نہیں ہیں اور ٹرمپ ان بین الاقوامی اداروں کے امور میں مداخلت کر رہے ہیں۔