برطانیہ کی جانب سے جوہری معاہدے کی حمایت کا اعلان
برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ دوسری مرتبہ ٹیلی فونی رابطہ کرکے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ برطانیہ، ایران جوہری معاہدے کی مکمل حمایت کرتا ہے
تفصیلات کے مطابق، بورس جانسن اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے مابین حالیہ دنوں میں یہ دوسرا ٹیلی فونی رابطہ ہے. اس موقع پرانہوں نے جوہری معاہدے کے تمام فریقیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں پر قائم رہیں۔
واضح رہے کہ ایران اور برطانوی وزرائے خارجہ نے منگل کے روز بھی ایک ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے مسلسل 8 رپورٹوں میں ایران کے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کی تصدیق کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری معاہدے کی توثیق نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ جوہری معاہدے کے انجام کو کانگریس کے سپرد کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایران نے 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی پاسداری نہیں کی ہے.