Oct ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان سمیت 11 ممالک انسانی حقوق کونسل کے رکن منتخب

پاکستان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا عالمی برادری کے اعتماد کا اظہار ہے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے ہمراہ دیگر 11 ممالک بھی انسانی حقوق کونسل کے رکن منتخب ہوئے جن میں آسٹریلیا، افغانستان، نیپال، قطر، کونگو، سلوواکیا، اسپین، یوکرین، چلی، میکسیکو اور پیرو شامل ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے پاکستان پراعتماد کرنے پرعالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا اعتماد کا ووٹ ہے اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی تنہائی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ، ہماری فتح اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے کردار کی توثیق ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کونسل کے رکن کے طور پر اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا ۔ امریکہ اور ہندوستان نے پاکستان کی رکنیت کی مخالفت کی تھی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 151 ووٹ حاصل کر کے پاکستان چوتھی بار3 سال کے لیےایشیا بحرالکاہل ریجن سے انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا۔

یاد رہے کہ پچھلی بار 2015 میں پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ایشیائی نشست کا انتخاب ہار گیا تھا۔

 

ٹیگس