Oct ۱۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • امریکا کے اہم مقامات ہمارے نشانے پر ہیں: شمالی کوریا

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی بھی وقت ایٹمی جنگ چھڑسکتی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے امریکا کوایک بار پر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے اہم مقامات ہمارے نشانے پر ہیں اس لئے امریکہ کو سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہئیے اور اگرامریکہ نے ہمارے ایک انچ علاقے کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو کسی بھی وقت ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔

اقوام متحدہ میں تعینات شمالی کوریا کے ڈپٹی سفیر کم ان رونگ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا دنیا کا واحد ملک ہے جسے 1970 سے لے کر اب تک امریکا کی جانب سے سب سے زیادہ خطرہ ہے اس لئے ہمیں اپنے دفاع کے لئے تمام جوہری ہتھیار رکھنے کا حق ہے۔

کم ان رونگ کا کہنا تھا کہ رواں برس شمالی کوریا ایک مکمل ایٹمی طاقت بن کر ابھر چکا ہے اور ہم نے نہ صرف ایٹمی جوہری بم تیار کئے ہیں بلکہ ہائیڈروجن بم اور بیلسٹک میزائل کے تجربات بھی کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اہم مقامات ہمارے نشانے پر ہیں اگر اس نے ہمارے ایک انچ حصے کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے بہت بڑی مصیبت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 

ٹیگس