Oct ۲۷, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • روس نے ایٹمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا

روس نے نئے ایٹمی بیلسٹک میزائل "آر ایس 28 سرمٹ" کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو 12 جوہری ہتھیار ایک ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق روسی فوج نے تربیتی مشقوں کے دوران اپنے نئے تباہ کن ایٹمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک ہی حملے میں پورا ملک تباہ کرسکتا ہے۔

اس بین البراعظمی میزائل کو ’آر ایس 28 سرمٹ‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس کا وزن 100 ٹن ہے۔

 تجربے کے دوران اس میزائل نے 5 ہزار 793 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

 روسی فوج کا کہنا ہے کہ نیا میزائل اتنا طاقتور ہے کہ 12 نیوکلیئر وار ہیڈز ایک ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی دفاعی صلاحیت کو نقصان پہنچا کر پورے کے پورے ملک کو تباہ کرسکتا ہے۔

روس کا نیا میزائل 1945 میں جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر گرائے گئے امریکی ایٹم بم سے 2 ہزار گنا زیادہ تباہ کن ہے۔

اس میزائل کا ایٹمی آبدوز کے ذریعے جاپان کے شمال میں شمالی کوریا کے قریب تجربہ کیا گیا۔

 برطانوی میڈیا نے دعوی کیا کہ یہ میزائل پورے برطانیہ، یا امریکا کی ریاست ٹیکساس اور فرانس کو ایک ہی حملے میں صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے۔

ٹیگس