روس امریکی پابندیوں کے اثرات کو زائل کرنے کی توانائی رکھتا ہے
روس نے کہا ہے کہ ماسکو امریکا کے ذریعے عائد کی گئی پابندیوں کے اثرات کو کم ترین سطح پر پہنچانے کی توانائی رکھتا ہے۔
روس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا دنیا کا مرکز نہیں ہے اور روس پوری دنیا میں اپنے دوستوں کے ساتھ وسیع تعاون کر کے آگے کی جانب قدم بڑھائے گا-
روس کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ اگر امریکی حکام روس کے ساتھ اپنے معمول کے اقتصادی تعاون سے ہاتھ کھینچ لیتے ہیں تو یہ ان کا انتخاب ہو گا کیونکہ ماسکو ایسے حل اور تدابیر کو اپنانے کی توانائی رکھتا ہے جو اس طرح کی پالیسیوں کے اثرات کو زائل کرسکتی ہیں-
واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے روس کے خلاف پابندیوں کا قانون نافذ کرنے کے تحت روس کے ان اداروں اور دفاعی و انٹیلیجنس مراکز اور افراد کی فہرست کہ جن پر پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں، کانگریس کو ارسال کردی ہے۔