میانمار کے لاکھوں مسلمانوں کی دربدری ایک المیہ ہے، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹرس نے میانمار کے لاکھوں روہنگیا مسلمانوں کی دربدری کو تشویشناک اور المیہ قرار دیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹرس نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان کے سربراہی اجلاس میں کہا ہے کہ میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی صورت حال سے پیدا ہونے والے بحران سے علاقے میں عدم استحکام پیدا ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ پیش آ رہا ہے وہ ایک ہولناک المیہ ہے۔
واضح رہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر اس ملک کی فوج اور انتہا پسند بودھسٹوں کے حملوں میں اب تک چھے ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان جاں بحق اور آٹھ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ کی تعداد میں روہنگیا مسلمان بے گھر ہو چکے ہیں جن میں سے لاکھوں کی تعداد میں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بعض عالمی ادارے اور ممالک منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران، حکومت میانمار کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کی وجہ سے صرف بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے روہنگیا مسلمانوں کی انسان دوستانہ امداد کر پایا ہے اور اب تک ایران کی جانب سے ایک سو تیس ٹن امدادی اشیا ارسال کی جا چکی ہیں۔