Nov ۲۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  • زمبابوے کے صدر کا اقتدار چھوڑنے سے انکار

زمبابوے کے صدر موگابے فوج کے شدید دباؤ کے باوجود اقتدار چھوڑنے پر تیار نہیں ہیں۔

ٹی وی پر قوم سے خطاب کے دوران رابرٹ موگابے نےعہدے سے استعفی نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں حکمران جماعت کے اجلاس کی سربراہی کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی کمانڈروں سے حالات معمول پر لانے کی مشترکہ کوششوں اور معیشت کی بہتری پر اتفاق ہوا ہے۔

دوسری جانب زمبابوے کی حکمراں جماعت نے ملک کے صدر رابرٹ موگابے کو پارٹی کی سربراہی سے برطرف کرکے نائب صدر کو ان کی جگہ مقرر کردیا ہے اور ایمرسن نے موگابے کے خلاف عوام سے سڑکوں پر آنے کی اپیل کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فوج اور زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کے درمیان چپقلش جاری ہے اوراس معرکہ آرائی میں موگابے کی جماعت نے ان کا ساتھ چھوڑ دیا ہے اور ان کے ہی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے موگابے کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ رابرٹ موگابے گزشتہ 37 برس سے زمبابوے کے صدر ہیں۔ ان کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا تھا جب انہوں نے اپنی اہلیہ کو ملک کا نائب صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد فوج کے سربراہ نے ان پر تنقید کی تھی جس کے جواب میں موگابے نے بھی فوجی سربراہ کو ان ہی کی زبان میں جواب دیا تھا۔

ٹیگس