Nov ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۳ Asia/Tehran
  • نائجیریا کے شیعوں کے قائد کی رہائی کے لئے مظاہرے

نائجیریا کی اسلامی موومنٹ کی خواتین نے اس ملک کے دارالحکومت ابوجا میں اس ملک کے شیعہ مسلمانوں کے قائد شیخ ابراهیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

رسا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا کی اسلامی موومنٹ کی خواتین نے اس ملک کے دارالحکومت ابو جا میں انسانی حقوق کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئےاس ملک کے شیعہ مسلمانوں کے قائد شیخ ابراهیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ پر امن مظاہرے میں شریک خواتین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شیخ ابراهیم زکزکی کی رہائی کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں شیخ ابراهیم زکزکی کی تصاویر بھی تھیں۔

واضح رہے کہ شیخ ابراهیم زکزکی اور ان کی اہلیہ پرنائجیریا کی فوج نے دسمبر 2015 میں  حملہ کر کےگرفتار کیا تھا۔ 13 دسمبر 2015 کو نائجیریا کی فوج  نے زاریا شہر کی امام بارگاہ پر حملہ کیا جس میں شیخ ابراهیم زکزکی کی تین بیٹوں سمیت سیکڑوں افراد شہید ہو گئے تھے۔ نائجیریا کی عدالت نےشیخ ابراهیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے لیکن فوج اور حکومت عدالتی احکامات سے چشم پوشی کر رہی ہے۔

ٹیگس