امریکہ کے معاشی بائیکاٹ کا مطالبہ
خیبر پختونخوا اسمبلی نے امریکا کی جانب سے بیت المقدس کواسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پرمنظورکرتے ہوئے امریکا کے معاشی بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کےاجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن فخر اعظم وزیر نے تمام جماعتوں کی جانب سے مشترکہ قرار داد اسمبلی میں پیش کی، جس میں کہا گیا کہ مذکورہ فیصلہ دنیائے اسلام کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے اور دنیا ئے اسلام نے جس انداز میں فوری طور پر اس فیصلے کو مسترد کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
ممبر صوبائی اسمبلی فخر اعظم وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کی مخالفت کے حوالے سے سفارتی ذرائع کا استعمال کرے اور امریکہ اور اسرائیل کو اس طرح کے پرتشدد فیصلوں سے روکا جائے جس کے لئے تمام مسلم ممالک کا اجلاس طلب کیا جائے تاکہ یک آواز ہوکر یہ فیصلہ مسترد کیا جائے،ایوان نے متفقہ طور پر قرار داد کی منظوری دی۔