شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات کی تجویز
دونوں کوریا کے اتحاد کے امور سے متعلق جنوبی کوریا کے وزیر نے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات شروع کئے جانے کی تجویز پیش کی ہے۔
دونوں کوریا کے اتحاد کے امور سے متعلق جنوبی کوریا کے وزیر چو میونگ گیون نے نو جنوری کو جنوبی کوریا کے سرحدی علاقے میں موسم سرما کے اولمپک گیمز کے موقع پر شمالی اور جنوبی کوریا کے حکام کے درمیان مذاکرات کی تجویز پیش کی ہے۔امید کی جاتی ہے کہ دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان مذاکرات کا اصل موضوع ، جنوبی کوریا کے موسم سرما کے اولمپیک مقابلوں میں شمالی کوریا کے کھلاڑیوں کی شرکت کے بارے میں ہو گا۔واضح رہے کہ جزیرہ نمائے کوریا میں جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کے بارے میں پائی جانے والی کشیدگی کے باوجود شمالی کوریا کے رہنما نے پیر کے روز نئے عیسوی سال کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک جنوبی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادہ ہے اور جنوبی کوریا میں ہونے والے اولمپیک مقابلوں میں شمالی کوریا کے کھلاڑی شرکت کر سکتے ہیں۔