نائیجیریا کی مسجد میں خونریز دہشت گردانہ بم دھماکہ
نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر گامبورو کی ایک مسجد میں ہونے والے خونریز دہشت گردانہ بم دھماکے میں چودہ افراد جاں بحق ہو گئے۔
فرانس پریس کے مطابق نائیجیریا کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یہ دہشت گردانہ بم دھماکہ بوکو حرام دہشت گرد گروہ نے کیا جس میں چودہ افراد جاں بحق ہو گئے اور بعض زخمیوں کی نازک حالت کے پیش نظر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک دہشت گرد حملہ آور، نماز صبح سے کچھ دیر قبل گامبورو کی مسجد میں داخل ہوا اور نماز صبح کے دوران اس نے نمازیوں کے درمیان دھماکہ کر دیا جس میں چودہ افراد جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے اور مسجد مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔نائیجیریا کی پولیس اس حملے کے سلسلے میں چار افراد کا تعاقب کر رہی ہے جن میں سے ایک کو اس نے گرفتار کر لیا ہے۔واضح رہے کہ افریقہ کے مختلف ملکوں منجملہ نائیجیریا، کیمرون، نائیجر اور چاڈ میں دو ہزار نو سے اب تک بوکو حرام دہشت گرد گروہ کے حملوں میں بیس ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور بیس لاکھ سے زائد دیگر بے گھر ہو چکے ہیں۔