امریکہ اور روس دنیا کے ترانوے فی صد ایٹمی ہتھیاروں کے مالک
اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے کہا ہے کہ دنیا کے ترانوے فی صد ایٹمی ہتھیار صرف امریکہ اور روس کے پاس ہیں۔
اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ایٹمی وار ہیڈز کے لحاظ سے امریکہ اور روس دنیا میں پہلے نمبر پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار سترہ کے دوران روس کے پاس سات ہزار جبکہ امریکہ کے پاس چھے ہزار سات سو کے قریب ایٹمی وار ہیڈز موجود تھے۔
مذکورہ دونوں ممالک کے بعد فرانس، چین، برطانیہ، پاکستان، ہندوستان، غاصب صہیونی حکومت اور شمالی کوریا کا نمبر آتا ہے جن کے بالتربیت، تین سو، دو سو ستر، ایک سو پچیس، ایک سو چالیس، ایک سو تیس، اسّی اور ساٹھ ایٹمی وار ہیڈز موجود ہیں۔
البتہ بعض عالمی اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کے پاس تقریبا تین سو ایٹمی وار ہیڈز موجود ہیں۔
اسٹاک ہوم پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق امریکہ نے اپنے ایٹمی ہیتھیاروں کی جدید کاری کے لیے چار سو ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔