ریپبلکنز بجٹ منظوری میں نیوکلیئر آپشن رکھیں، ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ نے ریپبلکنز سینیٹروں کو اشتعال انگیز مشورہ دیا ہے کہ وہ حکومتی شٹ ڈاؤن جاری رہنے کی صورت میں نیوکلیئر آپشن سامنے رکھیں اور ڈیموکریٹس کو بائی پاس کرتے ہوئے اکیاون ووٹوں سے طویل مدت بجٹ کی منظوری دے دیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ڈیموکریٹس غیر قانونی مہاجروں کی امریکہ میں آمد کو جاری رکھنا چاہتے ہیں اور حکومتی شٹ ڈاؤن اگر یونہی جاری رہتا ہے تو ریپبلکنز کو چاہئے کہ اکیاون ووٹوں کے ذریعے ڈیموکریٹس کو بائی پاس کرتے ہوئے نیو کلیئر آپشن کی طرف بڑھیں اور عارضی بجٹ کے بجائے حقیقی اور طویل مدت فیڈرل بجٹ کے لئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔نیوکلیئر آپشن کے استعمال سے سینیٹ کے قوانین تبدیل ہو جاتے ہیں اور اس بات کا امکان فراہم ہو جاتا ہے کہ ساٹھ ووٹوں کے بجائے اکیاون ووٹوں سے منظوری کی راہ ہموار ہو سکے۔امریکی صدر ٹرمپ نے ریپبلکنز سینیٹروں کو یہ مشورہ ایسی حالت میں دیا ہے کہ ریپبلکنز سینیٹر، اکثریت رکھنے کے باوجود جمعے کے روز عارضی بجٹ منظور نہیں کرا سکے ہیں اور اس بجٹ کے لئے صرف پچاس ووٹ حاصل ہو سکے ہیں۔