امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن ختم
امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے ووٹوں سے امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہو گیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ نے عارضی بجٹ کے بل کی منظوری دے دی جس کے بعد صدر ٹرمپ نے اس پر دستخط کر دیئے-
بل کی منظوری کے بعد تین روز سے جاری امریکا کی فیڈرل حکومت کا شٹ ڈاؤن ختم ہو گیا ہے- امریکی ایوان نمائندگان نے ایک سو پچاس مخالف ووٹوں کے مقابلے میں دو سو چھیاسٹھ موافق ووٹوں سے آٹھ فروری تک عارضی اخراجات کے بل کی منظوری دے دی-
ایوان نمائندگان میں ووٹنگ کے بعد سینیٹ کے ارکان نے بھی عارضی بجٹ بل کی منظوری پر اتفاق کر لیا اور یوں سینیٹ میں بھی یہ عارضی بجٹ بل اٹھارہ مخالف ووٹوں کے مقابلے میں اکیاسی ووٹوں سے پاس ہو گیا-
امریکی ایوان نمائندگان نے اس سے پہلے بھی حکومتی سرگرمیوں کے جاری رہنے کے لئے سولہ فروری تک کے لئے ایک عارضی بجٹ بل کی منظوری دی تھی تاہم سینیٹ میں وہ پاس نہ ہو سکا اور نتیجے میں حکومتی کام کاج تین روز تک ٹھپ پڑ گیا-