مالدیپ میں ایمرجنسی نافذ، چیف جسٹس گرفتار
مالدیپ میں 15 دنوں کے لئے ایمرجنسی کا اعلان ہوا ہے اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مالدیپ میں صدر عبداللہ یامین کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کئے جانے کے بعد پولیس نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبداللہ سعید اور ایک دیگر جج علی حمید کو گرفتار کرلیا تاہم پولیس نے دونوں ججوں کے خلاف الزامات کے بارے میں کوئی تفصیلی معلومات نہیں دی ہے۔
ایمرجنسی کے اعلان کے ساتھ ہی مالدیپ میں پہلے سے جاری سیاسی بحران مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا جسے صدر نے ماننے سے انکار کر دیا تھا۔
صدرعبداللہ یامین نے سپریم کورٹ کی جانب سے سابق جمہوری طور پر منتخب صدر کے خلاف ٹرائل کو غیرقانونی قرار دینے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے سے متعلق حکم ماننے سے انکارکردیا تھا۔ اس حکم نامے کے تحت سیکیورٹی فورسز کو غیر معمولی اختیارت حاصل ہوگئے ہیں جس کے تحت انھیں لوگوں کو گرفتار کرنے اور قید رکھنے کا حق حاصل ہوگا ۔
یاد رہے کہ مالدیپ کی سپریم کورٹ نے جلاوطن سابق صدرمحمد نشید کا ٹرائل غیرآئینی قراردیا تھا۔