Mar ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۹ Asia/Tehran
  • طالبان کابل مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہیں: پاکستان کی پیش کش

پاکستانی دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی قیادت کی معاونت کرتے ہوئے افغان طالبان اور کابل کے درمیان باہمی مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی حامی بھرلی۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے دورہ امریکا کے بعد پاکستان نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنے اور ملک کے اندر موجود ایسے عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے اور دونوں جانب سے تعلقات میں بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکا نے پاکستان کے تحفظات کو دورکرنے اور ہندوستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کو کم کرنے اوردونوں ممالک کے درمیان مسائل کومذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی حامی بھری ہے۔

تہمینہ جنجوعہ کے دورہ امریکہ کے دوران اس بات پر اتفاق کیاگیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کرکے خطے سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کی سیکرٹری خارجہ دو روزہ سرکاری دورہ کے دوران امریکی حکام سے ملاقات کے دوران پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پلان تیار کرلیا ہے جس کے بعد امریکا نے پاکستان مخالف کارروائیوں میں ملوث افغان طالبان کے خلاف کارروائی کرنے کی حامی بھر نے کے بعد تحریک طالبان کی اعلی قیادت کے سر کی بھاری قیمتیں مقرر کردیں جبکہ پاکستان نے جوابا ملک میں موجود ایسے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکہ اور پاکستان کے تعلقات امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں سے متعلق بیان کے بعد کشیدہ ہو گئے۔

 

ٹیگس