کارلیس پگڈیمونٹ کی گرفتاری پر باسلونا میں مظاہرہ
اسپین میں کیٹالونیا علاقے کے معزول سربراہ کارلیس پگڈیمونٹ کو جرمنی میں گرفتار کئے جانے پر کیٹالونیا کے ہزاروں لوگوں نے بارسلونا میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسپین سے کیٹالونیا کی علیحدگی کے طرفداروں نے سیاسی قیدیوں اور کارلیس پگڈیمونٹ کی رہائی کے حق میں شدید نعرے لگاتے ہوئے بارسلونا کے مرکزی علاقوں میں وسیع پیمانے پر مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں میں جھڑپ بھی ہوئی۔ جرمن پولیس نے اتوار کے روز اسپین کی سپریم کورٹ کے جج کے یورپی سطح کے حکم پر عمل کرتے ہوئے کیٹالونیا علاقے کے معزول سربراہ کارلیس پگڈیمونٹ کو جو فراری بھی ہیں، ڈینمارک سے ملنے والی جرمنی کی سرحد پر گرفتار کر لیا۔
کارلیس پگڈیمونٹ کو مختلف الزامات کے تحت اسپین کی سپریم کورٹ نے عدالت میں طلب کیا تھا تاہم وہ عدالت میں حاضر ہونے سے قبل ہی بلجیئم فرار ہو گئے تھے۔
جرمنی میں کارلیس پگڈیمونٹ کی گرفتاری کے بعد اب ان کے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ اسپین کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں کیٹالونیا کی آزادی کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔