پاکستان کی سات کمپنیوں پر واشنگٹن نے پابندی عائد کر دی
امریکا نے پاکستان کی سات کمپنیوں پر ایٹمی تجارت میں ملوث ہونے کے الزام میں پابندی عائد کر دی۔
امریکی بیورو آف انڈسٹری اینڈ سیکورٹی کی تیار کردہ فہرست میں تئیس کمپنیوں کے نام شامل کئے گئے ہیں جن میں سات کمپنیاں پاکستان کی ہیں-
یہ فہرست امریکی فیڈرل رجسٹرار نے جاری کی ہے- امریکا کے ذریعے عائد کی گئی پابندیوں کے بعد یہ کمپنیاں عالمی سطح پر تجارت سے محروم ہو جائیں گی-
خبروں کے مطابق جن سات پاکستانی کمپنیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں سے تین کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ایٹمی مواد کی سپلائی میں غیر صحتمندانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں جو واشنگٹن کے بقول امریکی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے منافی ہے جبکہ دو دیگر پاکستانی کمپنیوں پر الزام ہے کہ وہ ایٹمی مواد سے متعلق سامان کی فراہمی میں ملوث ہیں اور دو کمپنیاں ایسی ہیں جو پابندی کا شکار ہونے والی کمپنیوں کے لئے کام کر رہی تھیں-
پاکستانی کمپنیوں پر ایٹمی تجارت میں ملوث ہونے کے الزام میں امریکا کی طرف سے یہ پابندیاں ایک ایسے وقت لگائی گئی ہیں جب پاکستان کوشش کر رہا ہے کہ اسے بھی نیوکلیئر سپلائرز گروپ یا این ایس جی میں شامل کر لیا جائے- ماہرین کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے اس فیصلے سے این ایس جی میں پاکستان کی شمولیت کے امکانات بہت کم ہو گئے ہیں-