Mar ۲۸, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۶ Asia/Tehran
  • افغانستان پر طالبان کا قبضہ

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ افغانستان کے نصف حصے پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے تاشقند میں افغان امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے افغانستان میں قدم جمالیے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پرملک کے کسی نہ کسی حصے پر دھماکے کر کے تباہ کاریاں پھیلاتے ہیں جس کے خلاف افغان حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے لیکن عالمی قوتوں کو بھی امن کے قیام کی کاوشوں میں حصہ ڈالنا چاہیے۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں اس کے علاوہ ملک بھر میں منشیات فروشوں اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سخت نگرانی کر رہے ہیں کیونکہ دہشت گردی اور منشیات فروشی کا آپس میں گہرا رشتہ ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی ہے اور امن کے لیے مذاکرات کا دروازہ بھی کھلا رکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں 2 روزہ افغان امن عمل کانفرنس کل سے شروع ہوئی ہے۔ کانفرنس کی سربراہی ازبک اور افغان حکام کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں ایران، پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ہندوستان، ترکی، چین، روس، امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے نمائندے شریک ہیں۔

ٹیگس