Mar ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے رہنما کا دورہ چین

شمالی کوریا کے رہنما نے اپنے پہلے دورہ بیجنگ میں چین کے صدر سے ملاقات اور دو طرفہ تعلقات اور علاقائی خاص طور سے جزیرہ نمائے کوریا کے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اون نے، جو اپنی اہلیہ کے ساتھ پچّیس مارچ کو ٹرین سے بیجنگ پہنچے تھے، اٹھائیس مارچ تک جاری رہنے والے اپنے اس دورے میں چین کے صدر شی جن پینگ سے مختلف مسائل پر گفتگو کی۔
اپنے اس دورے میں شمالی کوریا کے رہنما نے امریکہ کے ساتھ مشترکہ نشست کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا اور چین کے صدر کو اس بات کا یقین دلایا کہ ان کا ملک جزیرہ نمائے کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کئے جانے کے فیصلے پر قائم ہے۔
انھوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے بارے میں جنوبی کوریا اور امریکہ کو اپنے مواقف تبدیل کرنا ہوں گے۔
کم جونگ اون نے کہا کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے حکام کی نیک نیتی کی صورت میں ان سے مذاکرات کئے جا سکتے ہیں۔
اس ملاقات میں چین کے صدر نے بھی شمالی کوریا کے رہنما کے دورہ بیجنگ کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ، دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات کے اصول پر کاربند رہنے کا آئینہ دار ہے۔

ٹیگس