شام پر حملہ اقوام متحدہ کے منشور پر حملہ ہے، روسی صدر
روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ شام پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا حملہ اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انٹر فیکس نیوز ایجنسی کے مطابق روسی صدر نے یہ بات اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔صدر ولادی میر پوتین اور اردوغان نے اس گفتگو میں امریکی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
روس اور ترکی کے صدور نے شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کیے جانے کی غرض سے ماسکو اور انقرہ کے درمیان تعاون کو مزید فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔روسی صدر ولادی میر پوتین نے اس سے پہلے شام کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حملے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ایک خود مختار ملک کے خلاف جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ روسی ماہرین اور دوما کے شہریوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ دوما میں کیمیائی حملہ شامی فوج نے کیا ہے۔