امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر
معروف پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیلز نے اپنے وکلا کے ذریعے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیلز کے وکیل نے نیویارک کی وفاقی عدالت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے توہین آمیز ٹوئٹ پر اُن کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔
اسٹورمی کے وکیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے لاکھوں قومی اور بین الاقوامی فالورز کے سامنے مس اسٹورمی کلفرڈ پر غلط بیانی جیسا سنگین الزام عائد کر کے اُن کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹورمی کی جانب سے دھمکی کے الزام کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے ’مکمل فراڈ‘ قرار دیا تھا جس پر پورن اسٹار نے ہتک عزت کا دعویٰ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں پورن اسٹار نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنسی تعلق کا دعویٰ بھی کیا تھا جس کے بعد رواں سال جنوری میں ٹرمپ کے وکیل کی جانب سے پورن اسٹار کو خاموش رہنے کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی رقم کی ادائیگی کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔ پورن اسٹار نے اسی سال مارچ میں جنسی تعلق پر خاموش رہنے کے لیے کیے گئے معاہدے پر دستخط نہ ہونے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا رکھا ہے۔