امریکہ اور شمالی کوریا کے سربراہوں کی ملاقات
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن سے 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم دونوں اس ملاقات کو عالمی امن کے لیے بہت اہم لمحہ بنانے کی کوشش کریں گے۔
کسی بھی برسر اقتدار امریکی صدر اور شمالی کوریا کےصدر کے درمیان پہلی ملاقات کے مقام اور تاریخ کا انکشاف، شمالی کوریا کی جانب سے 3 امریکی قیدیوں کی رہائی کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔
یاد رہے جنوب مشرقی ایشیا کا چھوٹا سا ملک سنگاپور امریکا اور چین کے درمیان بھی طویل عرصے تک پُل کا کردار ادا کرچکا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے اس اقدام نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی آخری رکاوٹ کو بھی دور کر دیا تھا۔
واضح رہے چند ماہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کے قد اور وزن کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں ’چھوٹا راکٹ مین‘ قرار دیا، جس کے جواب میں شمالی کوریا کے رہنما نے امریکی صدر کو ’پاگل‘ اور ’احمق‘ کہا تھا۔