تیونس میں کشتی الٹنے سے 35 مہاجرین جاں بحق
Jun ۰۴, ۲۰۱۸ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
تیونس کے جنوبی ساحل کے قریب سمندر میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 35 مہاجرین جاں بحق ہو گئے جبکہ 68 کو بچا لیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق کشتی میں 180 مہاجرین سوار تھے، ریسکیو اہلکاروں نے 35 تارکین وطن کی لاشوں کو سمندر سے نکال لیا ہے، بچنے والوں میں تیونس اور دیگر 7 ممالک کے شہری شامل ہیں جن میں آئیوری کوسٹ، مالی، مراکش اور کیمرون شامل ہیں۔
تیونس کی وزارت دفاع کے مطابق جنوبی ساحل کے قریب سمندر میں مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 35 افراد ہلاک ہوئے ہیں، کشتی تیونس کے صفاقس صوبے کے ساحل کے قریب ڈوبی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے ہلاکتیں ہوئیں بلکہ اس سے قبل بھی اسی قسم کے حادثات میں اب تک ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔