امریکی صدر ٹرمپ بچوں کو والدین سے جدا کرنے کا باعث
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی مہاجرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار بچوں کو ان کے والدین سے جدا کردیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر قانونی مہاجرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار بچوں کو ان کے والدین سے جدا کردیا ہے۔ امریکی حکومت نے میکسیکو سے امریکہ آنے والے غیر قانونی مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن کو شدید کردیا ہے اور سرحد عبور کرنے کے دوران گرفتار ہونے والے تارکین وطن کو قید کر کے ان کے بچے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔
مہاجر بچوں کو علیحدہ جیلوں میں رکھا جاتا ہے اور ایسی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں پنجروں میں رکھا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
امریکی محکمہ داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2018 سے مئی تک صرف 6 ہفتوں میں 1995 بچوں کو ان کے والدین سے علیحدہ کیا جا چکا ہے۔ اقوام متحدہ نے امریکہ سے فوری طور پر بچوں کی والدین سے علیحدگی کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔