فیڈرل حکومت کو شٹ ڈاؤن کرنے کی ٹرمپ کی دھمکی
امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کانگریس میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کا پورا بجٹ منظور نہیں کرتی تو وہ ستمبر کے مہینے میں فیڈرل حکومت کو شٹ ڈاؤن کر دیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ریپبلکن ارکان اور وائٹ ہاؤس کے عہدیداروں کے ایک گروپ سے ملاقات میں میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کے لئے کانگریس کے ذریعے صرف ایک اعشاریہ چھے ارب ڈالر بجٹ کی منظوری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دیوار کی تعمیر کے لئے انہیں پچیس ارب ڈالر کی ضرورت ہے اور اگر کانگریس اس کے لئے پورا بجٹ پاس نہیں کرتی تو وہ ستمبر میں حکومتی شٹ ڈاؤن کا اعلان کر دیں گے-
امریکی ریاست آلاباما سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ریچرڈ شبلی نے کہا ہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کے لئے سینیٹ نے ایک اعشاریہ چھے ارب ڈالر کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے اور اس میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے لیکن ٹرمپ چاہتے ہیں کہ اس سلسلے کا پورا بجٹ ابھی اور فوری طور پر منظور کیا جائے-
تارکین وطن کو امریکا میں آنے سے روکنے کے لئے امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا معاملہ وہ موضوع ہے کہ جس کا ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں وعدہ کیا تھا-