میانمار کے جرنیلوں پر پابندی
یورپی یونین نے بھی میانمارکے جرنیلوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
یورپی یونین نے 7 لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو جبری طور پر بنگلہ دیش ہجرت پر مجبور کرنے والے میانمار کے جنرل سمیت 7 فوجی افسروں پر بیرون ملک سفری پابندی عائد اور ان کے اثاثے منجمد کردیئے۔
یورپین یونین کے اعلامیے کے مطابق میجر جنرل موانگ موانگ سو نے اپنے دور میں رخائن ریاست میں روہنگیا اقلیتوں پر ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی۔
علاوہ ازیں میانمار فوج کے ساتھ ہر قسم کا عسکری تعاون بھی ختم کردیا جائےگا جبکہ ان کی فوجی ٹریننگ بھی پابندی کی زد میں آگئی۔
واضح رہے کہ 26 مارچ کو اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ میانمار میں 'دہشت گردی اور افلاس کی مہم' کے نام پر ریاست رخائن میں فوج مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے۔
یاد رہے کہ اگست 2017 میں میانمار کی ریاست رخائن میں روہنگیائی مسلمانوں کے خلاف فوج اور مقامی مذہبی انتہاپسندوں کی جانب سے شروع کی گئیں خونریز کارروائیوں کے نتیجے میں مسلمان بنگلہ دیش کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے تھے۔